پاک فوج نے افغان طالبان رجیم کی سرحد پار سے بلا اشتعال کارروائی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن کا آغاز کردیا، جس کے نتیجے میں طالبان رجیم کے 133 خارجی ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔ 27 افغان چوکیوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلا اشتعال کارروائیوں کے جواب میں شروع کیے گئے آپریشن ضرب للحق میں پاک فوج نے 3 افغانی بٹالینز اور سیکٹر ہیڈ کوارٹر کو مکمل تباہ کرکے اسلحہ ڈپو کو نذرِ آتش کردیا۔ اس دوران 80 سے زائد ٹینک، توپ خانے اور بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا۔
دوران آپریشن فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے سرحدی علاقے کے مخلف مقامات کو بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ جوابی کارروائی میں ناوگئی سیکٹر، تیراہ خیبر اور سیکٹر باجوڑ میں بھرپور جواب دیا گیا۔
چترال سیکٹر میں افغان طالبان کی چیک پوسٹ تباہ کردی گئی۔ مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ سکیورٹی فورسز نے متعدد چیک پوسٹس تباہ کردیں۔ اس دوران 3 خارجی ہلاک ہوگئے۔ پرولی خان سیکٹر میں بھی ایک افغان پوسٹ ملیا میٹ کردی گئی۔
باجوڑ میں بھی پاک فوج نے افغٖان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کردیں۔ افغان صوبہ پکتیکا کی پوسٹ پر قبضہ کرلیا۔ طالبان رجیم کے کارندے چیک پوسٹ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پکتیکا میں افغان طالبان کی اہم فوجی تنصیبات اور کور ہیڈ کوارٹرز بھی تباہ کردئیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کرم سیکٹر کے نزدیک بھی طالبان رجیم کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں، جہاں 8 خارجی ہلاک کردئیے گئے۔ انگوراڈہ میں بھی افغان پوسٹ تباہ کردی گئی۔ اب تک کی گئی جوابی کارروائی کے دوران 133 افغان طالبان ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے۔
اس سے قبل افغان طالبان نے کواڈ کاپٹر کا سہارا لیتے ہوئے پاک فوج کی چیک پوسٹس پر ناکام حملے کیے۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام کواڈ کاپٹرز تباہ کردئیے۔ ڈرونز کے ذریعے بھی طالبان رجیم کی پوسٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ سوشل میڈیا پر طالبان رجیم کا بے بنیاد پراپیگنڈہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلائی جارہی ہیں۔ پاک فوج سمیت سکیورٹی فورسز مادرِ وطن کی حفاظت کیلئے سینہ سپر ہیں۔ کسی بھی قسم کی جارحیت کا سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








