ملک بھر میں یکم مارچ 2026 سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، ماہرین کا ماننا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ 4روپے فی لیٹر سے بھی زائد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4روپے 58پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4اعشاریہ 73روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔ ماہرین کے مطابق کیروسین آئل کی قیمت بھی 6اعشاریہ 88روپے فی لیٹر بڑھ جائے گی۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل فی لیٹر 5روپے مہنگا ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 15فروری کو وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 5روپے اور 7اعشاریہ 32روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا۔
ملک بھر میں آج پیٹرول کی قیمت258روپے 17 پیسے جبکہ ڈیزل 275روپے 70 پیسے فی لییٹر کی سطح پر فروخت ہورہا ہے جبکہ عالمی منڈی میں جمعہ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد تک اضافہ ہوا تھا۔
خیال رہے کہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں متوقع اضافے کے باعث ٹرانسپورٹرز کے کرایوں کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے، جس سے مجموعی مہنگائی کی شرح بڑھ سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








