بغداد سے ٹائمز اسکوائر تک ہنگامہ! جانیں سپریم لیڈر کی شہادت پر عالمی ردعمل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی خبروں کے بعد دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ مختلف ممالک میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور بڑے پیمانے پر مظاہرے اور احتجاج ہو رہے ہیں۔

پاکستان میں احتجاج

پاکستان کے کئی شہروں میں خامنہ ای کی شہادت کے خلاف عوامی ردعمل شدت اختیار کر گیا ہے۔ کراچی میں بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے خصوصاً نمائش چورنگی کے گرد عوام جمع ہو گئے جس سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔ مظاہرین نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج کیا اور امریکہ و اسرائیل کی کارروائیوں کی مذمت کی۔

بغداد اور عراق میں مظاہرے

عراق کی دارالحکومت بغداد میں بھی عوامی احتجاج دیکھنے میں آیا جہاں مظاہرین نے گرین زون کی جانب مارچ کیا اور امریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایران کے خلاف بلااشتعال حملوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

عالمی شہروں میں احتجاج

 

امریکہ کے ٹائمز اسکوائر میں بھی بڑی تعداد میں افراد جمع ہوئے جہاں مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور مزید تشدد ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے بینرز اور نعروں کے ذریعے عالمی برادری سے ایران کے خلاف حملوں کو روکنے کی اپیل کی۔

 

کشمیر میں بھی مظاہرے

بھارتی زیر انتظام کشمیر کے علاقوں میں بھی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف احتجاج دیکھنے میں آیا۔ خاص طور پر سری نگر کے لال چوک میں شیعہ برادری نے مظاہرے کیے اور واقعے کی مذمت کی۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے ملک بھر میں سوگ اور اظہارِ افسوس کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ لوگ اپنے قائد کے لیے سوگ منانے اور احتجاج کرنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

Related Posts