امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نقصان صرف ایران کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے صدمے کا باعث ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایران کے خلاف بلااشتعال حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو دہشت گرد ریاستیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا کے ضابطوں کو نظر انداز کرنا عالمی امن کے لیے خطرناک رجحان ہے اور ایران میں رجیم چینج کی بات کرنا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی ملک کی قیادت کو نشانہ بنانا بدترین قسم کی ریاستی دہشت گردی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ آج ملک بھر میں شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ امریکہ کسی کا دوست نہیں ہے۔ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی آشیرباد سے فائدہ حاصل کر لیں گے وہ غلط فہمی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ صرف ایران پر نہیں بلکہ پورے عالم اسلام پر اثرانداز ہوتا ہے۔ اسرائیل کو پاکستان کی ایٹمی طاقت برا لگتی ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی دہشت گرد اور جنگی مجرم قرار دینا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج ملک بھر میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور عوام کو پرامن احتجاج پر آمادہ کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








