آئی ایم ایف نے پاکستان کا دورہ سکیورٹی خدشات کے باعث قبل از وقت ختم کردیا اور اب 1.2ارب ڈالرز کے قرض کی قسط کیلئے ترکیہ سے آن لائن مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح کے وقت آئی ایم ایف مشن کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے پہلی ملاقات ہوئی، جس کے فوراً بعد آئی ایم ایف مشن پاکستان چھوڑ کر ترکیہ کی جانب روانہ ہوگیا۔
آئی ایم ایف کی روانگی سے ایک ہی روز قبل امریکا نے پاکستان کیلئے تیسری سطح کا سکیورٹی الرٹ جاری کیا تھا، جس میں امریکی شہریوں کو سفر پر نظر ثانی اور بڑے اجتماعات میں شرکت سے گریز کی ہدایت کی گئی تھی۔
پاکستان میں آئی ایم ایف نمائندے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف مشن توسیعی فنڈ سہولت کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس انڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے دوسرے جائزے پر حکام سے مذاکرات کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات اب ورچؤل طریقے سے جاری رہیں گے۔ آئی ایم ایف مشن کی اچانک روانگی کے باعث مختلف اجلاس منسوخ ہوگئے جن میں خودمختار ویلتھ فنڈ میں ترامیم، ای پروکیورمنٹ نظام، احتسابی اداروں پر معلومات کے تبادلے سے متعلق اجلاس شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








