کراچی: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن آج ہوگا، چاند کے سرخی مائل رنگ اختیار کرلینے کے باعث اسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن آج دن 1 بج کر 44منٹ پر ہوگا جبکہ دوپہر 2 بج کر 50 منٹ پر چاند کو باقاعدہ گرہن لگنا شروع ہوگا۔ پھر شام 4بج کر 5منٹ پر مکمل چاند گرہن کا آغاز ہوگا اور 4بج کر 34 منٹ پر گرہن اپنے عروج کو پہنچ جائے گا۔
اس موقعے پر چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں ہوگا۔ تکنیکی اعتبار سے چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اور زمین کا سایہ چاند کو جزوی یا مکمل طور پر ڈھانپ لیتا ہے، جس سے چاند کی سفید اور چمکدار روشنی متأثر ہوتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام 5 بج کر 3 منٹ پر مکمل گرہن ختم ہونا شروع ہوگا اور جزوی گرہن کا اختتام شام 6بج کر 17 منٹ پر ہوگا۔ رات 7بج کر 23 منٹ پر چاند گرہن کا مکمل اختتام ہوجائے گا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں چاند طلوع ہونے کے اوقات مختلف ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق شہریوں کو چاند طلوع ہونے کے وقت جزوی طور پر دکھائی دے گا اور مکمل چاند گرہن دیکھنے کا موقع نہیں ملے گا۔ چاند گرہن ایشیا کے علاوہ شمالی و جنوبی امریکا، آسٹریلیا اور دیگر کئی خطوں میں دیکھا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ سورج گرہن کے برعکس چاند گرہن دکھنے کیلئے خصوصی عینک کی ضرورت نہیں ہوتی، جسے انسانی آنکھ کی مدد سے براہِ راست دیکھنا محفوظ عمل ہے۔ شہری کھلے آسمان تلے آج شام سے لے کر رات تک اس خوبصورت نظارے سے محظوظ ہوسکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








