پولیس اہلکار نے مجذوب ٹک ٹاکر جاوید مہانڈری کو گولی کیوں ماری؟ مشتعل عوام نے تھانہ نذر آتش کردیا؛ ویڈیوز وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

بالاکوٹ میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں سوشل میڈیا پر مشہور مجذوب ٹک ٹاکر جاوید عرف مہانڈری پولیس اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہنسی مذاق اور چھیڑ چھاڑ کے دوران تھانہ بالاکوٹ میں تعینات پولیس اہلکار شاہد نے گولی چلا دی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ جاوید کو گولی لگنے کے بعد فوری امداد نہ مل سکی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

اطلاعات کے مطابق مقتول کی لاش کافی دیر تک جائے وقوعہ پر پڑی رہی جبکہ مقامی لوگوں کی بار بار کالز کے باوجود پولیس نے اسے اٹھانے میں تاخیر کی جس سے عوام کا غصہ مزید بھڑک اٹھا۔

پولیس اہلکار کی فائرنگ سے جاوید کی موت اور حکام نے جانب سے غفلت برتنے پر علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ مشتعل عوام نے احتجاج کرتے ہوئے بالاکوٹ تھانہ کا گھیراؤ کیا توڑ پھوڑ کی اور تھانے کو آگ لگا دی۔

اس موقع پر پولیس اہلکاروں سمیت ایس ایچ او موقع سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے شاہراہِ کاغان کو بھی بلاک کر دیا جس سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔

صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے مانسہرہ سے اضافی پولیس نفری طلب کی گئی۔ ایس پی بالاکوٹ اور دیگر افسران نے مظاہرین سے بات چیت کی اور پرامن رہنے کی اپیل کی۔ واقعے کے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے ملزم اہلکار شاہد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مقتول جاوید مہانڈری اپنے منفرد مزاحیہ انداز، دلچسپ ویڈیوز اور مجذوب شخصیت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بہت مقبول تھے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور مرحوم کو خوش اخلاق اور ہر دلعزیز شخصیت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان جیسے مہینے میں یہ سانحہ ناقابلِ برداشت ہے اور متعلقہ افسران سے رابطہ کرکے ملزم کی گرفتاری اور انصاف یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

Related Posts