پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں پر 50 لاکھ جرمانہ عائد کرنا چھوٹی سوچ ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ کارکردگی کی بنیاد پر سخت اور دیرپا فیصلے کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر مبینہ جرمانے کے معاملے پر ردِ عمل دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ 50 لاکھ روپے جرمانہ مؤثر اقدام نہیں ہے۔ ضروری ہے کہ جو کھلاڑی بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکے، انہیں قومی ٹیم سے نکال کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھیج دیا جائے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ بعض کھلاڑی کم از کم 2سال تک دوبارہ قومی ٹیم مین واپسی کے مستحق نہیں۔ یہی سزائیں قومی ٹیم میں بہتری لاسکتی ہیں۔ قومی اسکواڈ میں تبدیلی ضروری ہے اور جن کھلاڑیوں کو آرام کی ضرورت ہے، انہیں آرام دیا جائے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا، جرمانے کی خبریں تو سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر زیر گردش خبرون میں دعویٰ کیا گیا کہ پی سی بی نے مایوس کن کارکردگی پر قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی پر 50لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ مزید کہا گیا کہ جس طرح عمدہ کارکردگی پر بونس ملتا ہے، ناقص نتائج پر جوابدہی بھی ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








