شادی والے دن گھر سے بھاگ گئی! اداکارہ کنول فاروق کا انکشاف؛ سوشل میڈیا صارفین کا سخت ردعمل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ کنول فاروق کی جانب سے ایک ٹی وی پروگرام میں کیا گیا انکشاف سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنی طے شدہ شادی سے ایک رات پہلے گھر بھاگ گئی تھیں جس کے بعد صارفین کی جانب سے انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

کنول فاروق کے مطابق ان کے والدین نے ان کی شادی طے کر دی تھی اور گھر والے مسلسل اس پر زور دے رہے تھے۔ انہوں نے والدین کی خوشی کی خاطر اس فیصلے کی مخالفت نہیں کی اور شادی کی تیاریاں بھی جاری رہیں۔ خریداری مکمل کی گئی اور تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا تاہم جب شادی کا دن قریب آیا تو وہ خود کو ذہنی طور پر اس رشتے کے لیے تیار نہ کر سکیں اور ایک رات قبل گھر چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے والدین انہیں اچھی طرح جانتے تھے اسی لیے انہیں کچھ حد تک خدشہ تھا کہ ایسا ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ تھی کہ شادی کی تقریب محدود رکھی گئی اور ابتدا میں صرف نکاح کا پروگرام ترتیب دیا گیا تھا۔

والدین کو بروقت آگاہ نہ کرنے سے متعلق سوال پر کنول فاروق نے وضاحت کی کہ چونکہ ان کے والدین اس رشتے پر خوش تھے اس لیے وہ کچھ عرصے تک انہیں خوش دیکھنا چاہتی تھیں۔

اداکارہ کے انٹرویو کا کلپ منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے اس واقعے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی جبکہ کچھ نے پروگرام کے میزبان اور حاضرین پر بھی اعتراض کیا۔ناقدین کا کہنا تھا کہ ایسے حساس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے تھا۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اپنی بے غیرتی کو فخر سے بیان کیا جا رہا ہے اور لوگ تالیاں بجا رہے ہیں، یہ کیسا معاشرہ ہے؟

ایک خاتون صارف نے لکھا کہ نہ میزبان کو شرم آئی، نہ مہمان کو اور سامعین بھی تالیاں بجاتے رہے۔

ایک اور صارف نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت کرتا ہے کہ پروگرام کے اینکر، مہمان اور حاضرین سب غیر سنجیدہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ والدین پر اس واقعے کا کیا اثر ہوا ہوگا۔

یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اب بھی زیرِ بحث ہے اور صارفین مختلف زاویوں سے اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

Related Posts