عیدالفطر کے موقع پر شہریوں میں نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کی دلچسپی بڑھ جاتی ہے اسی پیش نظر اسٹیٹ بینک پاکستان نے عام لوگوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عید اس سال 20 مارچ کو متوقع ہے اور لوگ عیدی دینے کے لیے نئے نوٹ لینا چاہتے ہیں تاہم بینک نے خبردار کیا ہے کہ نوٹ خریدنا یا مہنگے داموں فروخت کرنا غیر قانونی عمل ہے۔
8877 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے درخواست
اسٹیٹ بینک رمضان کے دوسرے ہفتے میں 8877 شارٹ کوڈ سروس فعال کرتا ہے۔ شہری اپنے موبائل سے اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھیں، اسپیس کے بعد پسندیدہ بینک برانچ کا کوڈ درج کریں اور 8877 پر بھیج دیں۔ جواب میں آپ کو ایک منفرد ٹرانزیکشن کوڈ اور برانچ کا پتہ موصول ہوگا۔
متعلقہ بینک برانچ کا دورہ
جب ایس ایم ایس موصول ہو جائے شہری اپنا اصل شناختی کارڈ اور اس کی کاپی لے کر متعلقہ بینک برانچ جائیں۔ بینک عملہ ٹرانزیکشن کوڈ کی تصدیق کے بعد عموماً 10، 20 اور 50 روپے کے نوٹوں کے پیکٹس فراہم کرتا ہے۔
براہِ راست بینک سے رابطہ
اگر 8877 سروس مصروف ہو تو شہری براہِ راست اپنی بینک برانچ سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ زیادہ تر کمرشل بینک اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کے لیے محدود تعداد میں نئے نوٹ رکھتے ہیں اور ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک بی ایس سی دفاتر سے بھی حصول ممکن
کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں بینکنگ سروسز کارپوریشن (BSC) کے دفاتر میں بھی نئے نوٹ دستیاب ہوتے ہیں۔ یہاں نوٹ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر تبدیل کیے جاتے ہیں۔
بینک رمضان کے آخری دس دنوں میں اے ٹی ایمز میں صاف ستھرے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ لوڈ کرتے ہیں جو عیدی دینے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








