بھارتی ریاست آسام میں سرحد کے قریب ایک جنگی طیارہ اچانک ریڈار سے غائب ہو گیا جس کے بعد اس کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
دفاعی ذرائع کے مطابق بھارتی فضائیہ کا یہ لڑاکا طیارہ شام کے وقت ایک مشن پر روانہ تھا اور آخری بار تقریباً ساڑھے سات بجے اس کا زمینی کنٹرول سے رابطہ ہوا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا اور وہ ریڈار سے بھی اوجھل ہو گیا۔
طیارے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا اور مختلف ٹیموں کو ممکنہ مقام کی تلاش کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اسی دوران پہاڑی اور جنگلاتی علاقے کی جانب سے زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی جبکہ آسمان میں دھوئیں کے بادل بھی دیکھے گئے۔ ان اطلاعات کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طیارہ کسی حادثے کا شکار ہو سکتا ہے تاہم حکام نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور سرچ ٹیمیں علاقے میں سرگرم ہیں اور پائلٹ سمیت طیارے کے ممکنہ مقام سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ مزید تفصیلات سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








