صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5.3شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں متأثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے سوات، شانگلہ، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر بالا، دیر شہر اور گردونواح میں محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں عوام کی بڑی تعداد خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئی۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 216کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکوں کے نتیجے میں عوام کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور رہائشی عمارات سے باہر نکل آئے۔ تاحال زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
گزشتہ ماہ آنے والے زلزلے کے متعلق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ صبح 9 بج کر 28 منٹ پر آیا۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد کے ساتھ ساتھ ہری پور، اٹک، خانپور اور صوابی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے باعث متأثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








