ٹرمپ کی ایران کو سخت حملوں کی دھمکی، پاسدارانِ انقلاب نے 200امریکی فوجی ہلاک کرنیکا دعویٰ کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

ٹرمپ
(فوٹو: آن لائن)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو آج سخت دن کا سامنا کرنا ہوگا جبکہ دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 200 امریکی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ آج ایران کو سخت حملے جھیلنا ہوں گے جبکہ ایران کے مزید عہدیدار بھی ہمارے نشانے پر آسکتے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 1 روز میں 200 امریکی فوجی یا تو ہلاک یا پھر زخمی ہوگئے ہیں۔ صرف بحرین میں امریکی نیول اڈے کو نشانہ بنانے والی کارروائی میں 21امریکی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ تہران ریفائنری پر حملے کا بھی جواب دیا گیا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے دعوے کے مطابق ریفائنری پر حملے کے جواب میں حیفا ریفائنری اور ایک امریکی تیل بردار جہاز پر بھی حملہ کیا گیا تاہم قطر، بحرین اور یو اے ای نے ہفتے کی شام ایران کی طرف سے داغے گئے میزائل اور ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس کے علاوہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے جو اہلکار ہتھیار ڈالنا چاہیں، انہیں نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران کی فضائی حدود پر تقریباً مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور اب حکومت کے خاتمے کا منظم پلان تیار ہے۔

اب تک سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق ایران پر جاری حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں ایران میں کم از کم 1 ہزار 230افراد شہید ہوئے، اسی دوران لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 290 سے زائد جبکہ اسرائیل میں 12 افراد ہلاک ہوئے۔

Related Posts