معروف ماہر نجوم سامعہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی جلد ختم نہ ہوئی تو یہ تنازع عالمی جنگ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق 21 مارچ 2026 تک اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل نہ ہوا تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت فلکیاتی اعتبار سے ستاروں کی غیر معمولی گردش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سیارے عام طور پر تقریباً 14 دن کے لیے رجعت میں جاتے ہیں تاہم اس مرتبہ یہ مدت دو ماہ تک بڑھ گئی ہے جس کے باعث دنیا بھر میں غیر متوقع حالات پیدا ہونے کا امکان ہے۔
سامعہ خان کے مطابق موجودہ فلکیاتی صورتحال کے اثرات مختلف خطوں میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں امریکا اور بھارت سمیت کئی ممالک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں بھی کشیدگی بڑھنے کا امکان موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے پہلے ہی بعض سرمایہ کاروں کو دبئی میں سرمایہ کاری سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ ان کے بقول وہاں معاشی اتار چڑھاؤ پیدا ہو سکتا ہے۔ اسی طرح انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کو بھی چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ اور ایرانی رہنما شہید علی خامنہ ای کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سیاست میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کے اثرات آئندہ دنوں میں مزید واضح ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی پیشگوئیاں فلکیاتی یا نجومی اندازوں پر مبنی ہوتی ہیں اور انہیں حتمی یا سائنسی پیش گوئی نہیں سمجھا جاتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








