سندھ حکومت نے توانائی کے بحران اور خطے کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری دفاتر میں جمعہ کے دن ورک فرام ہوم کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بتایا کہ صوبائی وزرا نے اپریل، مئی اور جون کی تنخواہیں اور مراعات لینے سے معذرت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر نے کہا کہ یہ اقدام عوام پر بوجھ کم کرنے اور حکومت کے وسائل کی بہتر بچت کے لیے کیا گیا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ جمعہ کے روز سرکاری دفاتر مکمل طور پر بند نہیں ہوں گے بلکہ ملازمین اپنے گھروں سے کام کریں گے۔ اس دوران وزراء نے پولیس سکیورٹی کی گاڑیاں واپس کر دی ہیں اور نئی گاڑیوں یا فرنیچر کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سرکاری دفاتر میں ریفریشمنٹ کے انتظامات پر بھی دو ماہ کے لیے پابندی ہوگی۔
وزیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ایندھن کی بچت ہے۔ اس مقصد کے لیے کل ٹرانسپورٹرز کے ساتھ میٹنگ بھی منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوام پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جن ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں غیر قانونی اضافہ کیا ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کچھ کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








