امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے پاس ایسی کوئی دفاعی صلاحیت نہیں بچی جس پر ہم حملہ کریں۔ ایران اب کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کیلئے عقلمندانہ فیصلہ یہ ہوگا کہ وہ ہتھیار ڈال دے۔ ایران کے پاس جو کچھ بچا ہے، وہ اسے بچا لے۔ ایران کے پاس اب اپنے دفاع کیلئے کچھ نہیں ہے۔ آج ہم نے مشرق وسطیٰ کی تاریخ کی سب سے طاقتور بمباری کی۔
بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے جزیرہ خرق میں ہر ایرانی ہدف کو مکمل طور پر مٹا دیا ہے۔ دنیا کو معلوم ہے کہ ہمارے ہتھیار سب سے طاقتور ہیں۔ ہم نے شائستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جزیرہ خرق میں تیل کے بنیادی انفراسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنایا۔ آبنائے ہرمز پر رکاوٹ ڈالی گئی تو تیل انفراسٹرکچر سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرسکتا ہوں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے اپنی فوج کو دنیا کی انتہائی مہلک، طاقتور اور مؤثر فورس بنا دیا ہے۔ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا اور اب امریکا، مشرق وسطیٰ یا دیگر خطوں کے ممالک کو دھمکی نہیں دے سکے گا۔
خیال رہے کہ 28فروری کو امریکا و اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والی ایران جنگ کا آج پندرہواں روز ہے جبکہ ایران سمیت دیگر ممالک میں ہزاروں افراد کی زندگیاں اور کاروبار داؤ پر لگ گئے جبکہ ایران جنگ کے باعث عالمی معیشت بھی گراوٹ، مندی اور منفی رجحانات کا شکار ہے جبکہ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








