مختلف شہروں میں افغان طالبان کے ڈرون حملوں کی کوشش ناکام، 4 افراد زخمی ہوگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈرون
(فوٹو: آن لائن)

 افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں میں ڈرون بھیجنے کی ایک کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ تباہ ہونے والے ایک ڈرون کے ملبے کے گرنے سے چار شہری زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان ڈرونز کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 مارچ 2026 کو افغان طالبان نے پاکستان کے شہریوں کو خوفزدہ کرنے کی نیت سے چند ابتدائی نوعیت کے ڈرون روانہ کیے تھے۔ تاہم پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے ‘سافٹ’ اور ‘ہارڈ کِل’ طریقۂ کار استعمال کرتے ہوئے ان ڈرونز کو راستے ہی میں ناکارہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں وہ اپنی مقررہ منزل تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)  کے مطابق تباہ شدہ ڈرون کے ملبے کے گرنے سے کوئٹہ میں دو بچے زخمی ہوئے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری کو بھی چوٹیں آئیں۔ حکام کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور متعلقہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس قسم کی کارروائیوں کا مقصد شہری آبادی میں خوف و ہراس پیدا کرنا تھا، جو افغان طالبان کی انتہاپسندانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک طرف افغان طالبان عالمی سطح پر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے خود کو متاثرہ فریق کے طور پر پیش کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف وہ دہشت گرد پراکسیوں اور ڈرون حملوں کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج افغانستان میں برسر اقتدار اس کرائے کی دہشت گرد تنظیم کی اصل حقیقت اور اس کے عزائم سے پوری طرح باخبر ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس طرز کے اقدامات سے نہ تو پاکستان کا عزم متزلزل ہوگا اور نہ ہی ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔

Related Posts