کراچی کے علاقے لانڈھی اور کورنگی میں کئی مقامات پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جھٹکوں سے متأثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق زلزلے سے متأثرہ علاقوں میں شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 4اعشاریہ 0 جبکہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی۔ زلزلے کا مرکز ساؤتھ کراچی سے 100کلومیٹر دور تھا۔
زلزلے کے جھٹکوں کے باعث تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بلوچستان کے جنوبی علاقوں اور سندھ کے متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہو گئی۔
پاکستان کے زلزلہ پیما مراکز کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز خضدار سے تقریباً 86 کلومیٹر شمال مشرق کی طرف تھا اور یہ زمین کی سطح سے تقریباً 13 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔
خضدار کے علاوہ نصیر آباد، شہداد کوٹ، لاڑکانہ، قمبر، دادو، جھل مگسی، جعفر آباد اور دیگر قریبی اضلاع میں بھی جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








