امریکی حکام نے گیارہ بھارتی شہریوں کے خلاف امریکہ میں ویزا فراڈ اور سازش کے الزامات عائد کیے ہیں جن پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی مسلح ڈکیتیاں رچائی تاکہ جعلی جرم کا شکار ہونے کے دعوے پر امیگریشن فوائد حاصل کیے جا سکیں۔
امریکی ریاست میساچوسٹس کے ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس کی 13 مارچ 2026 کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ملزمان نے کئی ڈکیتیاں منظم کیں اور بعد میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہو کر خود یا اپنے خاندان کے افراد کو امیگریشن فوائد دلوانے کی کوشش کی۔
الزامات کیا ہیں؟
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے اسٹورز، وائن شاپس اور فاسٹ فوڈ ریستورانوں میں جعلی مسلح ڈکیتیوں کے مناظر ترتیب دئیے تاکہ وہاں کام کرنے والے افراد جھوٹا دعویٰ کریں کہ وہ شدید جرم کا شکار ہوئے ہیں۔ اس جعلی تشدد کی بنا پر وہ U ویزا جیسے امیگریشن فوائد کے اہل بننے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ ویزا خاص طور پر ان افراد کو دیا جاتا ہے جو شدید جرم کے حقیقی متاثرین ہوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں لیکن الزامات کے مطابق ملزمان نے اسی قانون کا غلط فائدہ اٹھایا۔
گرفتاریاں اور قانونی کارروائی
رپورٹ کے مطابق دو ملزمان راتبھی اور دیگر ساتھی نے مارچ 2023 میں کم از کم چھ مسلح ڈکیتیاں منظم کیں۔ کچھ افراد کو میساچوسٹس میں گرفتار کر کے وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا ہے جبکہ باقی کینٹکی، میسوری اور اوہائیو میں گرفتار ملزمان کی ابتدائی سماعتیں ہو چکی ہیں اور انہیں بعد میں بوسٹن کی وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
تمام ملزمان پر ویزہ فراڈ میں سازش (Conspiracy to Commit Visa Fraud) کا کم از کم ایک الزام عائد کیا گیا ہے جس کے تحت زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید، تین سال ضابطے کے تحت رہائی اور ڈھائی لاکھ ڈالر تک جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔
ملزمان کی صورتحال
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر ملزمان میساچوسٹس میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے جبکہ ایک دیپک بین پٹیل نامی شخص ویوموتھ، میساچوسٹس سے بھارت واپس بھیجا گیا۔
واضح رہے کہ امریکی امیگریشن قوانین میں U ویزا ایسے جرائم کے متاثرین کے لیے مختص ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ مگر عدالت کے دستاویزات کے مطابق ملزمان نے جان بوجھ کر ڈکیتی جیسے مناظر ترتیب دے کر جعلی دعووں کی بنیاد پر امیگریشن فوائد حاصل کرنے کی کوشش کی جس پر انہیں عدالت میں سخت قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








