پاکستان کسٹم نے سندھ حکومت کی نان کسٹم پیڈ گاڑی ضبط کرلی جس پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کسٹمز حکام پر سخت تنقید کرتے ہوئے فوری طور پر گاڑی واپس کرکے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کسٹم کی کارروائی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام مکمل طور پر غلط اور نااہلی کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کے بیان کے مطابق یہ گاڑی محکمہ اطلاعات سندھ کی ہے اور اسے انڈس موٹر کمپنی کے مجاز اور سرکاری ڈیلرز کے ذریعے قانونی طور پر خریدا گیا تھا۔ تمام متعلقہ دستاویزات، جن میں گاڑی کی اصل خریداری اور ٹیکس کی ادائیگی کے ثبوت شامل تھے کسٹمز حکام کو پیش بھی کر دی گئی تھیں مگر اس کے باوجود گاڑی کو نان کسٹم پیڈ قرار دے کر قبضے میں لے لیا گیا۔
Pakistan Customs Karachi confiscated a Sindh Government vehicle on 12 March, claiming it was non-custom paid. Despite being shown all official documents confirming that the vehicle belongs to the Information Department and was purchased through official outlets of Indus Motor… pic.twitter.com/OPKVM0VAM6
— Sharjeel Inam Memon (@sharjeelinam) March 14, 2026
شرجیل میمن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے رویے کو ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان اعتماد اور تعاون کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے فوری طور پر گاڑی واپس کرنے، اس واقعے پر تحریری معافی نامہ جاری کرنے اور مستقبل میں ایسی غلطیوں سے بچنے کے لیے بہتر رابطے اور ہم آہنگی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ 12 مارچ کو پیش آیا اور اس سے وفاق اور سندھ کے درمیان تعلقات میں غیر ضروری تناؤ پیدا ہو رہا ہے۔ اب تک کسٹمز حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی سرکاری وضاحت سامنے نہیں آئی جس کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں تشویش کی فضا پائی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








