گورنر ہاؤس میں جاری آئی ٹی کورس کا کیا ہوگا ؟ کامران ٹیسوری کا اہم اعلان سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں جاری آئی ٹی تعلیمی پروگرام کے طلبہ کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کرنے کا ان کا خواب ہر صورت پورا کیا جائے گا اور اس منصوبے کو رکنے نہیں دیا جائے گا۔

گورنر ہاؤس کے تحت اس وقت آئی ٹی کورسز میں تقریباً 50 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں کسی کو مایوس ہونے یا ہمت ہارنے کی ضرورت نہیں۔ ان کے بقول وہ ہر مشکل گھڑی میں طلبہ کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اس تعلیمی پروگرام کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ اپنا گھر بیچ کر بھی طلبہ کے کورسز مکمل کروانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ اگر کچھ عرصے کے لیے رکاوٹیں یا مشکلات پیش آئیں تو وہ صبر اور محنت کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی تعلیم کا یہ منصوبہ ملک کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مہارتیں سکھانے کے لیے ایک اہم قدم ہے اور وہ اس مقصد کے لیے طلبہ سے مسلسل رابطے میں رہیں گے تاکہ کوئی بھی طالب علم اس سفر میں پیچھے نہ رہ جائے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق گورنر کے عہدے سے ہٹنے کے بعد اس پروگرام کے مستقبل کے بارے میں خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے تاہم کامران ٹیسوری نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آئی ٹی تعلیم کے فروغ کا یہ مشن جاری رہے گا اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کیے جاتے رہیں گے۔

Related Posts