حکومت کا عید الفطر کے موقعے پر 4 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

خصوصی ٹرین
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی حکومت نے عیدالفطر کے موقعے پر 4 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے جن میں سے پہلی ٹرین کل لاہور سے روانہ ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کے موقعے پر 4اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر کیا گیا۔ پہلی عید اسپیشل ٹرین 16 مارچ کو لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوگی جبکہ دوسری 17 مارچ کو کوئٹہ سے راولپنڈی جائے گی۔

تیسری عیدا اسپیشل ٹرین 17 مارچ کو کراچی سے پشاور کیلئے روانہ ہوگی جبکہ چوتھی ٹرین 18 مارچ کو کراچی سے لاہور جائے گی۔ حکام کا ماننا ہے کہ عید اسپیشل ٹرینوں کی مدد سے شہریوں کو اپنے آبائی دیہی و شہری علاقوں میں جانے کیلئے آسانی ہوگی۔

خیال رہے کہ عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر میں مسافروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے کیونکہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے آبائی شہروں اور خاندانوں کے پاس عید منانے کے لیے سفر کرتے ہیں۔

اسی بڑھتے ہوئے رش اور ٹرانسپورٹ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اضافی سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا تاکہ مسافروں کو بروقت اور نسبتاً آسان سفری سہولت میسر آ سکے اور عام ٹرینوں پر پڑنے والا دباؤ بھی کم کیا جا سکے۔

عید اسپیشل ٹرینیں محدود عرصے کے لیے عید کے رش کو سنبھالنے کے مقصد سے چلائی جاتی ہیں، جن میں عموماً اضافی کوچز شامل کی جاتی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافر سفر کر سکیں جس سے محکمہ ریلوے کو بھی زیادہ ریونیو کے حصول کی امید ہوتی ہے۔

Related Posts