واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے معاہدہ کرنے سے انکار کردیا ہے، صدر نے خارگ جزیرے پر دوبارہ حملہ کرنے کی دھمکی بھی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سنا ہے کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای ممکنہ طور زندہ نہیں، اگر وہ زندہ ہیں تو عقلمندی کا مظاہرہ کریں اور سرینڈر کردیں۔
انٹرویو کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ میرے خیال سے ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کی خبر افواہ ہوسکتی ہے، ایران جنگ بندی کیلئے تیار ہے اور معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن ایران کے ساتھ معاہدے کی شرائط ابھی زیادہ اچھی نہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کی شرائط کافی ٹھوس ہونی چاہئیں، ایران کی جانب سے جوہری توانائی سے متعلق عزائم مکمل طور پر ترک کرنے کا عزم معاہدے کا حصہ ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس واحد آپشن آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں لگانا اور شارٹ رینج میزائل کا استعمال ہے، یہ واضح نہیں کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں لگائی ہیں یا نہیں۔ آبنائے ہرمز کی حفاظت کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے ایران کے زیادہ تر میزائل، ڈرون اور پروڈکشن سائٹس تباہ کردی ہیں، 2 روز کے اندر باقی بھی تباہ کردیں گے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق امریکیوں کے خدشات مسترد کرتا ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








