ایران نے حزب اللہ کے ساتھ مل کر اسرائیل پر میزائل حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں تل ابیب میں دھماکے ہوئے، متعدد مقامات پر حملوں کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی شہری زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایران نے اسرائیل پر تازہ حملوں میں اسرائیلی ڈیفنس سسٹم آئرن ڈوم کیلئے بڑی مشکلات پیدا کردیں جو متعدد میزائل روکنے میں ناکام رہا۔ ایلات میں 10 مقامات پر کلسٹر میزائل گرنے سے متعدد اسرائیلی زخمی ہوگئے۔
تل ابیب میں دھماکوں سے متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق کے تحت حملوں کی نئی لہر شروع کردی ہے۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں بھی امریکی فوجی اڈے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سعودی عرب میں ایف 35 اور ایف 16 لڑاکا طیاروں کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ پاسداران انقلاب نے حملوں کی 51ویں لہر کا نام یا علی بن موسیٰ الرضا رکھا ہے۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرونز کے بڑھتے حملوں کے بعد اسرائیل کے پاس میزائل روکنے والے انٹر سیپٹرز کی قلت پیدا ہوگئی۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15روز سے جاری جنگ میں امریکا اور اسرائیل نے حملوں کے ذریعے ایران میں 1 ہزار 444 افراد کو شہید کردیا جبکہ لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 773افراد شہید ہوگئے ہیں۔ اسرائیل میں 14افراد جبکہ ایرانی حملوں میں 11 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








