پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری فیصلہ کن میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیمیں پہلے ہی 1، 1 میچ جیت کر سیریز برابر کرچکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔ شامل حسین اور حسین طلعت انجری کے باعث قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ غازی غوری اور سعد مسعود پہلی بار قومی ٹیم میں شامل ہوگئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔
شیر بنگلادیش اسٹیڈیم میں 2 روز قبل کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کو ڈی ایل ایس کے تحت 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم 23.3 اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میزبان ٹیم کے کھلاڑی لٹن داس 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، توحید ریدوئے نے 28 رنز بنائے، عفیف حسین 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور معاذ صداقت نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کپتان شاہین آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








