عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستان پر بیٹوں کو برطانوی تحفظ سے محروم کرنے کی کوشش کا بڑا الزام عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت پاکستان ان کے بیٹوں کو نیکوپ پر پاکستان کا سفر کرنے کی تجویز دے رہی ہے، کیونکہ اس صورت میں انہیں برطانوی تحفظ حاصل نہیں رہے گا۔
جمائما نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے ایک روز قبل دیے گئے بیان کا جواب دیا ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان کے بچوں کو نیکوپ پر پاکستان آنے پر خوش آمدید کہا جاتا ہے، جس کے لیے کسی ویزے کی ضرورت نہیں، بشرطیکہ وہ اپنے قیام کے دوران پاکستان کے قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔
جمائما نے عطا اللہ تارڑ کے بیان پر اپنے ردعمل میں لکھا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ آپ ان کے ویزے مسترد کرنے اور انہیں نیکوپ کارڈز، جو فی الحال ان کے پاس نہیں ہیں، پر سفر کرنے کی تجویز کیوں دے رہے ہیں؛ وہ اس لیے تاکہ اگر آپ انہیں پاکستان پہنچنے پر گرفتار کرنے کا فیصلہ کریں تو انہیں کوئی برطانوی تحفظ حاصل نہ ہو سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








