ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا، تاہم رواں ماہ کے دوران بارش کا امکان بے حد کم ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 21اعشاریہ 5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو شہر کا موسم گرمی کی جانب جانے کے واضح رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا ماننا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ مطلع ابر آلود رہنے کا بھی امکان ہے۔ آج صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 91فیصد رہا۔
کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سکھر، دادو اور سانگھڑ میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ، زیارت، چمن اور پشین میں کہیں کہیں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
اس کے علاوہ ژوب، نوشکی، مستونگ، قلات، لورالائی، سبی اور خضدار میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بھی آج موسم خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








