لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 11 شیڈول کے مطابق 26مارچ سے شروع ہوگی، تاہم شائقین کو اسٹیڈیم نہیں بلائیں گے۔ میچز شائقین کے بغیر منعقد کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل منعقد کرنے کے متعلق مشاورت جاری تھی اور فیصلہ ہوا ہے کہ لیگ کو شیڈول کے تحت 26مارچ سے شروع کیا جائے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پی ایس ایل ایک عالمی برانڈ ہے جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت بھی ہے، اس لیے ایونٹ کو ملتوی کرنا ممکن نہیں تھا، اس لیے کہ آگے کوئی ونڈو موجود نہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز صرف کراچی اور لاہور میں کرانے کا فیصلہ ہوا ہے، اس حوالے سے دئیے جانے والے نئے شیڈول میں ٹیموں کی نقل و حرکت کو کم سے کم رکھا جائے گا۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ پی ایس ایل 11 کی افتتاحی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔ اخراجات زیادہ نہیں ہوں گے جبکہ کرکٹ بورڈ پی ایس ایل فرنچائزز کو گیٹ منی خود ادا کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ فینز کو خریدے گئے ٹکٹس کے پیسے مل سکتے ہیں، کرکٹ شائقین سے معذرت خواہ ہیں کہ موجودہ صورتحال میں میچز بغیر شائقین کے کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








