اسلام آباد میں خاتون ٹک ٹاکر کو عید کے روز قتل کردیا گیا جس کے شوہر پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے جس نے فائرنگ کے بعد خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاکر خاتون کو اسلام آباد کے تھانہ ہمک کی حدود میں شاپنگ مال کے قریب قتل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے اہلیہ کو گولیاں مارنے کے بعد خود کو بھی سر پر گولی مارلی۔
مقتولہ کی شناخت ثنا جاوید کے نام سے ہوئی، خاتون ٹک ٹاکر آؤت لوفارا کے نام سے ٹک ٹاک اکاؤنٹ آپریٹ کررہی تھیں اور ضلع اٹک کی رہنے والی تھیں جبکہ ہلاک ملزم کی شناخت محمد صادق کے نام سے ہوئی جو سابق پولیس کانسٹیبل تھا۔
سابق پولیس کانسٹیبل محمد صادق کو ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا۔ جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول اور گولیوں کے 3خول برآمد ہوئے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو واقعے کی تفصیلات ایک نجی سکیورٹی گارڈ نے بتائیں۔
ایف آئی آر کے متن میں سکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ وہ ڈی ایچ اے فیز 2 میں واقع مارکیٹ میں ڈیوٹی پر موجود تھا جب اس نے عید کے پہلے روز پارکنگ ایریا سے فائرنگ کی آوازیں سنیں اور ایک خاتون کو زمین پر پڑے ہوئے دیکھا جس نے سرخ لباس پہن رکھا تھا۔
سکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ موقعے پر ہی ایک ملزم کو دیکھا جس کی عمر 24سال کے لگ بھگ ہوگی، ملزم کے ہاتھ میں پستول تھا جس نے خود کو بھی سر پر گولی مارلی۔ سکیورٹی گارڈ نے اپنے اعلیٰ حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








