ملک بھر میں آج یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، اس موقعے پر اسلام آباد میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ ملک کی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
ملک کے مختلف شہروں میں دن کا آغاز وطن سے تجدیدِ عہد اور قومی یکجہتی کے ولولے کے ساتھ کیا گیا۔مساجد میں نمازِ فجر اور قرآن خوانی کے بعد ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
یومِ پاکستان کے موقعے پر ملک بھر میں اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا، جو قومی وقار، خودمختاری اور اتحاد کی علامت ہے۔عوام نے مختلف تقریبات میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے حب الوطنی کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ ہر سال 23مارچ کو قراردادِ پاکستان 23 مارچ 1940 کے تاریخی موقعے کی یاد میں یومِ پاکستان منایا جاتا ہے، جو ایک ایسا یادگار دن ہے جب مسلمانانِ برصغیر نے انگریز سامراج سے آزادی اور اپنے ایک الگ وطن سے متعلق قرارداد منظور کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








