وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر لیوی 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی لیٹر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں ہائی آکٹین فیول پر لیوی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ہائی اوکٹین فیول پر پیٹرولیم لیوی 200روپے فی لیٹر بڑھ گئی۔
فیصلے کے تحت ہائی آکٹین فیول پر پٹرولیم لیوی 200 روپے فی لیٹربڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ایچ او بی سی پرلیوی 305 روپے37 پیسے فی لیٹرہوگئی، پہلےایچ اوبی سی پرلیوی 105 روپے 37 پیسے فی لیٹرتھی۔ ملک میں ایچ او بی سی کی نئی قیمت 535 روپےہوگئی۔
گزشتہ شب وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نچلے اور درمیانے طبقے کے زیر استعمال عام گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ صرف لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والا ہائی اوکٹین فیول مہنگا کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ریگولر پیٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ اس فیصلے سے پبلک ٹرانسپورٹ اور ہوائی جہازوں کے کرایوں میں بھی اضافہ نہیں ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ہائی اوکٹین فیول پر لیوی بڑھانے کے فیصلے سے حکومت کو ماہانہ 9 ارب روپے کی بچت ہوگی جس کا مقصد عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








