نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے اسکل سٹی منصوبہ، جانئے کیا کیا سکھایا جائے گا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

ایک اسکل سینٹر
ایک اسکل سینٹر، علامتی تصویر/ ٹیک جوس

پنجاب حکومت نے حال ہی میں پہلے اسکل سٹی کے قیام کی منظوری دی ہے۔ یہ فیصلہ میٹرک ٹیک اور اسکول بیسڈ اسکل ڈویلپمنٹ سے متعلق ایک اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیراعلیٰ مریم نواز نے کی۔

حکومت کے مطابق اسکل سٹی کا قیام پنجاب میں فنی تعلیم کو نئی جہت دے گا اور نوجوانوں کے لیے بیرون ملک ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔

اسکل سٹی کے بارے میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت جدید ٹیکنیکل ایجوکیشن ادارے قائم کیے جائیں گے، جو صنعت کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن ہوں گے۔

موجودہ اسکل ایجوکیشن اداروں کو سینٹرز آف ایکسی لینس میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ میٹرک سطح پر ٹیکنیکل تعلیم متعارف کروائی جائے گی، جس میں عملی تربیت کو ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ معیار کے انسٹرکٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور انڈسٹری ماہرین کو نصاب سازی میں شامل کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو مارکیٹ کی حقیقی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔ ان کے مطابق اسکل سٹی بیرون ملک روزگار کے بڑھتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سے ہر سال بڑی تعداد میں نوجوان تربیت حاصل کرنے کے بعد بیرون ملک ملازمت کے لیے جاتے ہیں۔ بیورو آف ایمگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق 2024 میں تقریباً ساڑھے سات لاکھ پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک گئے جبکہ 2025 میں یہ تعداد تقریباً آٹھ لاکھ رہی۔ ان میں بڑی تعداد اسکلڈ اور سیمی اسکلڈ ورکرز کی تھی، جو ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ حاصل کر چکے تھے۔

اسکل سٹی ان نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرکے ان کے بیرون ملک ملازمت کے امکانات کو مزید بہتر بنائے گا اور برین ڈرین کو برین گین میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا۔

اجلاس میں ایک اور اہم فیصلہ یہ کیا گیا کہ پنجاب ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن بورڈ کا سکاٹ لینڈ اور برطانیہ کے اداروں سے الحاق کیا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ پنجاب کے ٹیکنیکل سرٹیفکیٹس اور ڈگریاں بین الاقوامی معیار کے مطابق تسلیم کی جائیں گی۔ نصاب کو عالمی معیار کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جائے گا، ٹریننگ کے طریقہ کار کو بہتر بنایا جائے گا اور گریجویٹس کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ اسناد حاصل ہوں گی۔

اس شعبے کے ماہرین نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر نصیر خان کشانی کے مطابق اسکل سٹی اور ٹیکنیکل بورڈ کے بین الاقوامی اداروں سے الحاق سے پاکستانی ہنر مند افراد کی عالمی سطح پر طلب میں اضافہ ہوگا۔ خاص طور پر یورپ اور خلیجی ممالک میں ملازمت کے مواقع بڑھیں گے اور پاکستانی ورکرز کے سرٹیفکیٹس کو عالمی سطح پر قبولیت ملے گی، جس سے ویزا اور ملازمت کے معاہدوں میں آسانی پیدا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قانون کے مطابق ہزاروں ہنر مند افراد بیرون ملک بھیج رہا ہے اور یہ اقدام اس عمل کو مزید وسعت دے گا اور نئے مواقع فراہم کرے گا۔

Related Posts