واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم ایران سے جنگ جیت رہے ہیں لیکن فیک نیوز دیکھیں تو لگتا ہے کہ ہم ایران سے جنگ ہار رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے دنیا میں 8 جنگیں ختم کرائیں اور ایک جنگ جیت بھی رہے ہیں۔ ایران اب مذاکرات کر رہا ہے اور بے تابی سے ڈیل چاہتا ہے۔
تقریب سے خطاب کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی قیادت ڈیل چاہتی ہے لیکن بولنے سے ڈرتی ہے۔ ایرانی قیادت ڈیل کا بولے گی تو اپنے لوگوں کے ہاتھوں مرے گی اور ان کو ڈر ہے کہ اگر ڈیل سے انکار کیا تو ہمارے ہاتھوں مریں گے۔
خطاب کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایک نے کہا کہ میں سپریم لیڈر نہیں بننا چاہتا۔ ایسے ہی ٹھیک ہوں۔ فیک نیوز کو دیکھیں تو ایسا لگتا ہے کہ ہم جنگ ہار رہے ہیں۔ ہم نے ایران کی فضائیہ اور نیوی سمیت سب کچھ تباہ کردیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے پاس کچھ نہیں لیکن فیک نیوز غلط بتاتی ہے۔ میرے خلاف 94فیصد غلط خبریں چلائی گئیں لیکن پھر بھی میں نے الیکشن جیتا۔ ضرورت پڑی تو ائیرپورٹس فعال رکھنے کیلئے نیشنل گارڈز کو بھیجیں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اوباما اور جوبائیڈن امریکا کو تباہی کی طرف لے کر گئے۔ ڈیموکریٹ پارٹی مجرموں اور فراڈ کرنے والوں کی حامی ہے۔ ہم مڈ ٹرم الیکشن بھاری اکثریت کے ساتھ جیت جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








