لاہور کے لیڈی ولنگڈن اسپتال میں مریضہ کے سی سیکشن کے دوران ڈاکٹرز کے درمیان مبینہ جلد بازی اور غیر پیشہ ورانہ رویے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسپتال میں ڈاکٹرز کی مختلف ٹیمیں مریضہ کا سی سیکشن پہلے کرنے کے لیے جلد بازی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، جس پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔
ویڈیو میں یہ بھی واضح ہے کہ اس دوران مریضوں کی پرائیویسی اور پردہ داری کو نظر انداز کیا گیا، جبکہ ڈاکٹرز کی جانب سے موبائل فون کے استعمال پر عائد پابندی کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس طرح کی مبینہ غفلت مریضوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، جس پر طبی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فرح نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایم ایس کا کہنا ہے کہ ویڈیو کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








