فارما سوٹیکل کمپنیوں نے مختلف ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے، ذیابیطس جیسے موذی مرض کا علاج کرنے کیلئے انسولین 2 گنا سے زیادہ مہنگی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں درجنوں ادویات کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ انسولین انجیکشن ڈیوائس کی سابقہ قیمت 2ہزار 200روپے میں 2 ہزار500روپے سے زائد کے اضافے کے بعد نئی قیمت 4ہزار 720روپے کردی گئی جبکہ وٹامن بی کی کمی دور کرنے والی دوا کی قیمت میں 100روپے کا اضافہ کیا گیا۔
وٹامن بی کی کمی دور کرنے کیلئے دوا کی قیمت 500روپے سے بڑھا کر 600روپے کردی گئی ہے جبکہ بدہضمی اور تیزابیت کے دوا کے پیکٹ کی سابقیہ قیمت 530روپے میں 90روپے کا اضافہ کرنے کے بعد نئی قیمت 620روپے کردی گئی۔ اسی طرح غذائی سپلیمنٹ اور وٹامنز کی گولیوں کے پیک کی قیمت بھی 480روپے سے بڑھا کر 510روپے کردی گئی۔
اسی طرح تھائیرائڈ کےمرض کےعلاج میں استعمال ہونےوالی دوا کی قیمت 85 سے بڑھا کر 290 روپے کی گئی ہے، ٹائیفائیڈ کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا کی سابقہ قیمت 805 روپے سے 125روپے بڑھانے کے بعد بعد نئی قیمت 930 روپے ہوگئی جبکہ دیگر متعدد جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








