لبنان کے جنوبی علاقے میں جنگ کی کوریج کرنے والے 3صحافی اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بننے کے بعد شہید ہو گئے، جس پر مشہورومعروف سماجی و سیاسی شخصیات نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے صحافی برادری پر بد ترین حملہ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی لبنان میں گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملے میں جنگ کی رپورٹنگ کرنے والے 3 صحافی شہید ہو گئے۔ متعلقہ ٹی وی چینلز کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں حزب اللہ کے نشریاتی ادارے المنار ٹی وی کے سینئر نامہ نگار علی شعیب بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کے دعوعے کے مطابق علی شعیب پر حملہ کرکے انہیں شہید اس لیے کیا گیا کیونکہ وہ حزب اللہ کے انٹیلیجنس آپریٹو تھے، تاہم المنار ٹی وی کے سینئر نامہ نگار پر حزب اللہ کا آلہ کار ہونے کا الزام ثابت کرنے کیلئے شواہد پیش نہیں کیے گئے۔
صحافتی حلقوں کے مطابق علی شعیب تقریباً 3 دہائیوں سے جنوبی لبنان میں جنگی رپورٹنگ کر رہے تھے اور انہیں ایک تجربہ کار صحافی کے طور پر جانا جاتا تھا۔
بیروتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے اسی حملے میں مشہورو معروف رپورٹر فاطمہ فتونی بھی اپنے بھائی محمد فتونی کے ہمراہ شہید ہوگئیں، جو ویڈیو جرنلسٹ تھے۔ بتایا گیا ہے کہ حملے سے کچھ ہی دیر قبل فاطمہ فتونی براہِ راست نشریات میں رپورٹ پیش کر رہی تھیں، جس کے بعد انہیں شہید کردیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








