طوفانی بارشوں نے بنوں میں تباہی مچادی! کئی مکانات زمین بوس؛ 9 جاں بحق، درجنوں زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

خیبر پختونخوا کے شہر بنوں اور اس کے گرد و نواح میں گزشتہ چند روز سے جاری بارشوں کے نتیجے میں کئی مکانات کی چھتیں گر گئیں جس سے کم از کم 9 افراد ہلاک اور 47 زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوٹکہ غلام قادر میں برآمدہ گرنے سے دو بچوں کی جانیں چلی گئیں اور 35 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح والخی ممہ خیل میں کمرے کی چھت گرنے سے دو بچوں کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ شمدی کلہ مندیو میں بھی ایک خاتون چھت گرنے کے حادثے میں جاں بحق ہو گئی۔

صوبائی محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 25 مارچ سے شروع ہونے والی بارشوں کے دوران جانی و مالی نقصان کی ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حادثات زیادہ تر بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے پیش نظر لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے مکانات کی چھتیں مستحکم کرنے اور خطرناک علاقوں سے عارضی طور پر ہجرت کرنے کی ترغیب دی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں، طبی عملہ اور امدادی سامان پہنچانے کے لیے تیار ہیں تاکہ زخمیوں کا فوری علاج کیا جا سکے اور متاثرین کو عارضی پناہ گاہ فراہم کی جا سکے۔

Related Posts