بالی ووڈ اداکار اور شاہ رخ خان کی فلمی سیریز ڈان سمیت بے شمار بھارتی فلموں میں کامیڈی اور اداکاری کے جوہر دکھانے والے فنکار بومن ایرانی نے ایران جنگ کے تناظر میں طنزیہ بیان میں کہا ہے کہ مجھ سمیت 3 ایرانی ٹرمپ سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ بومن ایرانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اداکار بومن ایرانی نے ڈان سیریز میں وردان کا سنجیدہ کردار کامیابی سے نبھا کر مداحوں کے دل جیت لیے تھے، اپنی طنزیہ ویڈیو میں بومن ایرانی نے واضح کیا کہ ٹرمپ سے ان سمیت 3 ہی ایرانی بات کرنے کیلئے تیار ہیں اور ان کے نام بھی بتا دئیے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اداکار بومن ایرانی نے کہا کہ جیسا کہ ناظرین جانتے ہیں، یہ بات وائرل ہورہی ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ ایرانیوں سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور 3 لوگوں کو بلایا گیا جن میں سمتری ایرانی، ارونا ایرانی اور میں، بومن ایرانی شامل ہیں۔میں امن کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوں۔
ویڈیو میں بومن ایرانی نے کہا کہ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں واشنگٹن نہیں جاؤں گا، بہتر ہے کہ ٹرمپ اور ان کا وفد ہماری پارسی کالونی میں آئیں جہاں ان کا روایتی بھارتی ڈشز سے استقبال کریں گے لیکن اگر وہ ایک بڑا سا گیس سلنڈر ساتھ لے آئیں تو ہماری زندگی بہت آسان ہوجائے گی۔
دلچسپ طور پر بومن ایرانی کے تبصرے کا نہ صرف ایران جنگ سے گہرا تعلق ہے بلکہ وہ بادی النظر میں بھارت میں جاری توانائی بحران کا ذمہ دار امریکی صدر کو ٹھہرا کر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ویڈیو پر دیگر شوبز شخصیات بھی ردِ عمل دیتے ہوئے اسے دلچسپ قرار دے رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








