قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی حالیہ متنازعہ ٹویٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا پالیسی پر سختی اختیار کر دی ہے۔ اب تمام سنٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا پر کوئی بھی پوسٹ کرنے سے پہلے پی سی بی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے اجازت لینا لازمی ہوگا۔
پی سی بی نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی متنازعہ یا حساس پوسٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑیوں کو جرمانے کے خطرات لاحق ہیں جو کم از کم ایک کروڑ روپے تک ہو سکتے ہیں۔ ساتھ ہی کھلاڑیوں کے مینجرز کو بھی سوشل میڈیا گائیڈ لائنز کی یاددہانی کروائی گئی ہے تاکہ وہ اپنے کھلاڑیوں کی نگرانی کریں۔
نسیم شاہ کے خلاف یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی جب پی سی بی نے ان کے سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے الزام میں انہیں دو کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ بورڈ کے مطابق نسیم شاہ کو 27 مارچ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں انھیں اپنی وضاحت پیش کرنے کا موقع دیا گیا بعد ازاں 30 مارچ کو تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے ان سے ملاقات کر کے ان کا موقف سنا۔
کمیٹی نے بتایا کہ نسیم شاہ نے اپنی غیر مشروط معافی تو مانگی لیکن پھر بھی وہ اپنے سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شرائط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے اس لیے ان پر دو کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
پی سی بی کا یہ اقدام کھلاڑیوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ اب سوشل میڈیا پر محتاط رویہ اختیار کرنا اور بورڈ کی ہدایات کی مکمل پابندی کرنا لازمی ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








