اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چند مخصوص حلقوں کیلئے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلینکٹ سبسڈی سے ٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی جبکہ انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیزل پر فی لیٹر 100روپے سبسڈی دی جائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹرک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فیول پر 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی جبکہ زراعت ملک کی جی ڈی پی کیلئے اہم شعبہ ہے۔ چھوٹے زمینداروں کیلئے فی ایکڑ 1500روپے سبسڈی دی جارہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بڑی مال بردار گاڑیوں کو ماہانہ 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔ وفاقی حکومت پاکستان ریلویز کو بھی سبسڈی دے گی۔ اس وقت قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ حکومت مشکل اور ذمہ دارانہ فیصلے کر رہی ہے۔
مشروط سبسڈی کی اطلاعات
بعض میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں صرف 70سی سی موٹر سائیکل پر ہی سبسڈی دی جائے گی۔ وزارتِ آئی ٹی کے تعاون سے ایپ کے ذریعے موٹر سائیکلز کی رجسٹریشن ہوسکے گی جبکہ سبسڈی کیلئے رجسٹریشن لازمی ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے موٹر سائیکل اور رشکوں کو کوٹے پر 100روپے فی لیٹر سستا تیل فراہم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف تجاویز جلد پیش کردی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








