اسلام آباد بھی پنجاب کے نقش قدم پر، شہریوں کیلئے اہم اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

میٹرو، فائل فوٹو

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں کل سے آئندہ 30 روز کے لیے عام شہریوں کے لیے تمام پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی جائے گی۔

وزارتِ داخلہ اس عوامی ریلیف اقدام پر 35 کروڑ روپے کے اخراجات برداشت کرے گی، جسے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دوران شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

جمعہ کے روز ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ یہ اقدام اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، شہری ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔ جنگی صورتحال کے باعث دنیا عالمی معاشی بحران سے گزر رہی ہے، اور جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے عوام کو مزید ریلیف دیا جائے گا۔

یہ اعلان پنجاب میں حالیہ فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے جہاں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کر دیا گیا ہے، جس میں اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرک بس شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق اسلام آباد میں یہ اقدام شہریوں کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بھی فروغ دے گا۔

وفاقی دارالحکومت کے مسافروں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت قدم قرار دیا ہے، جس سے نہ صرف گھریلو اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگا۔

Related Posts