چین نے پاک افغان مذاکرات میں پیشرفت کی خوشخبری سنا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی پوسٹر

چین نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات میں بتدریج پیشرفت ہو رہی ہے۔ یہ بیان ان خبروں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ جنوبی ایشیا کے دونوں ہمسایہ ممالک 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے بدترین تنازع کو ختم کرنے کے لیے ملاقات کر رہے ہیں۔

چین، جس کی سرحد دونوں ممالک سے ملتی ہے، اتحادی سے حریف بن جانے والے ان ممالک کے درمیان ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں چینی حکام دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کر چکے ہیں اور مارچ میں ایک خصوصی ایلچی بھی دوروں پر بھیجا گیا۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے روزانہ کی پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کی ثالثی کو اہمیت دیتے ہیں اور اس کا خیرمقدم کرتے ہیں، جبکہ وہ دوبارہ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

ماؤ ننگ نے یہ نہیں بتایا کہ مذاکرات کہاں ہو رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ بات چیت شمال مغربی شہر اُرمچی میں ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین دونوں فریقین سے قریبی رابطے میں رہتے ہوئے مذاکرات کو فروغ دے رہا ہے، مناسب ماحول بنانے اور ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ تینوں ممالک مناسب وقت پر مزید معلومات جاری کریں گے۔

اکتوبر سے شروع ہونے والی پاکستان اور افغانستان کے درمیان جھڑپوں میں دونوں جانب درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر افغان شہری متاثر ہوئے ہیں۔

اسلام آباد افغان طالبان پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ ایسے شدت پسندوں کو پناہ دیتے ہیں جو پاکستان میں حملے کرتے ہیں، تاہم کابل ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے پاکستان کا اندرونی مسئلہ قرار دیتا ہے۔

Related Posts