خیبرپختونخوا کے تاریخی شہر ہری پور میں نوجوان لیڈی ڈاکٹر جنونی شخص کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئی، ملزم نے خودکشی کی کوشش بھی کی، پولیس نے زخمی جنونی کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہری پور میں ہزارہ موٹر وے پر پیش آیا، جنونی شخص کی شناخت شہزاد کے نام سے وہئی ہے جس نے 25سالہ لیڈی ڈاکٹر پر فائرنگ کی۔ ملزم کی فائرنگ سے نوجوان ڈاکٹر موقعے پر جاں بحق ہوگئی۔ ملزم نے گولی مار کر خودکو بھی زخمی کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم شہزاد لیڈی ڈاکٹر انیلہ سے شادی کرنے کا خواہش مند تھا، ملزم نے رشتے سے انکار پر لیڈی ڈاکٹر کو قتل کیا اور اسی اسلحے سے خود پر بھی فائرنگ کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
حکام نے ملزم کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے فوری طور پر ایبٹ آباد منتقل کردیا، ملزم کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی ہے اور لیڈی ڈاکٹر کی والدہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








