حملے جاری رہے تو خطےکو امریکا کیلئے دوزخ بنادیں گے، ایران نے امریکی دھمکی مسترد کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

ایران
(فوٹو: جیو نیوز)

ایران نے امریکی دھمکی مسترد کردی۔ ایرانی عسکری کنٹرول سینٹر نے امریکا و اسرائیل کے حملے جاری رہنے کی صورت میں دونوں ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حملے جاری رہے اور ان میں مزید شدت آئی تو پورے خطے کو ان کیلئے دوزخ بنا دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری واشگاف الفاظ میں خبر دار کیا کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کی مزید جارحیت کا جواب پورے خطے میں شدید رد عمل کی صورت میں دیں گے۔

امریکی صدر کے ایران کی عسکری قیادت ختم کرنے اور چند روز میں جنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان نے کہا کہ ایران کو شکست دینے کا تصور اب ایک دلدل میں تبدیل ہوگیا ہے، جس میں مخالفین خود دھنس جائیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس 48 گھنٹے ہیں کہ وہ کوئی معاہدہ کر لے یا آبنائے ہرمز کھول دے، ورنہ اس پر قیامت ٹوٹ پڑے گی۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے جو ایران پر حملوں کے بعد سے بند ہے۔آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں تیل، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جس کا اثر براہِ راست عوام پر پڑ رہا ہے۔

Related Posts