کراچی: پیٹرول مہنگا بیچنے پر شہریوں کا پمپ پر حملہ، توڑ پھوڑ اور تشدد

تازہ ترین

تازہ ترین

پیٹرول پمپ
(فوٹو: سما)

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم کردی، تاہم کراچی کے ایک پیٹرول پمپ نے نئی قیمتوں کا اطلاق نہیں کیا، جس پر شہریوں نے مشتعل ہو کر پمپ پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں پیٹرول پمپ پر پیٹرولیم مصنوعات مہنگی فروخت کرنے پر شہری مشتعل ہوگئے۔ شہریوں نے نہ صرف ملازمین پر تشدد کیا بلکہ پمپ کی املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔

سرجانی ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ انتظامیہ نے اضافی قیمت پر پیٹرول فروخت کیا جس پر عوام بھڑک اٹھے۔ شہریوں نے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ شروع کردی۔ توڑ پھوڑ، تشدد اور احتجاج کے بعد پیٹرول پمپ انتظامیہ نے پولیس کو بلا لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ انتطامیہ کی درخواست وصول ہوگئی ہے احتجاج کرنے والے افرادکو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts