اسرائیل کے تازہ حملوں کے نتیجے میں لبنان میں 250 سے زائد افراد شہید ہوگئے۔ ایران نے حملوں کا سخت ردِ عمل دیتے ہوئے امریکا کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات کو بے فائدہ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے تازہ حملوں کے باعث خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی۔ بدھ سے جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 254افراد شہید جبکہ 1ہزار100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ متعدد عمارات ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ درجنوں گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں۔
لبنان پر حملوں کے نتیجے میں ملک کا بنیادی انفراسٹرکچر شدید متأثر ہوا، اسرائیلی فوج کے رات کے اوقات میں بھی ملک کے جنوبی حصوں میں حملوں کے نتیجے میں تباہی پھیل گئی۔ ایک پوری عمارت راکھ کا ڈھیر بن گئی جبکہ اسرائیلی فوج نے حزباللہ کے 100 کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
ایران کا ردِ عمل
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے گزشتہ شب جاری بیان میں امریکا پر اہم معاہدوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا اور کہا کہ موجودہ حالات میں جنگ بندی یا کسی بھی قسم کے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ امریکا لبنان سیز فائر، ڈرون حملوں اور یورینیم افزودگی کے متعلق طے شدہ نکات کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔
اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ جنگ بندی مذاکرات کے آغاز سے قبل ہی جن اصولوں اور شرائط کی بنیاد پر معاملات آگے بڑھائے جانے تھے، ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ ایسے حالات میں مذاکرات کی کوئی اخلاقی و سفارتی حیثیت باقی نہیں رہتی۔ امریکا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ایک فریق پاسداری نہ کرے تو جنگ بندی یا مذاکرات رسمی کارروائی بن کر رہ جاتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








