اسلام آباد میں 9 اور 10اپریل کو اہم شاہراہیں بند رہیں گی، ٹریفک پلان جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

ٹریفک پلان
(فوٹو: پرو پاکستانی)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی وفود کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت 9 اور 10 اپریل کو اہم شاہراہوں کی بندش کے ساتھ خصوصی ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق 9 اور 10 اپریل کو بین الاقوامی وفود کی آمد و رفت کے دوران بعض اہم شاہراہوں کو عارضی طور پر بند رکھا جائے گا، تاہم زیادہ تر سڑکیں کھلی رہیں گی اور بندشیں صرف وفود کی نقل و حرکت کے دوران نافذ ہوں گی۔

ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق ایرانی اسپیکر باقر قالیباف اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکراتی عمل میں شرکت کی غرض سے پاکستان پہنچ رہے ہیں، جس کے پیش نظر شہریوں کی سہولت اور سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں۔

جن اہم شاہراہوں کو 9 اور 10 اپریل کو بند رکھا جائے گا، ان میں مندرجہ ذیل شاہراہیں شامل ہیں:

  • ایکسپریس وے (زیرو پوائنٹ تا کورال چوک اور اولڈ ایئرپورٹ) دونوں اطراف سے بند رہے گی
  • ریڈ زون کے تمام روٹس مکمل طور پر بند رہیں گے
  • 9 اور 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی

اسی طرح شہریوں کو شاہراہوں کی بندش کے باعث جو متبادل راستے اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے، ان کی تفصیل حسب ذیل ہے:

  • جی ٹی روڈ (پشاور، راولپنڈی سے آنے والے): فیصل موڑ، چکری، چک بیلی روڈ، راوت روڈ استعمال کریں
  • جی ٹی روڈ (لاہور، پشاور سے آنے والے): راوت، چک بیلی روڈ، چکری، ٹیکسلا موٹروے استعمال کریں
  • مارگلہ روڈ (جی فائیو، ایف سکس، جی سکس سے راولپنڈی): نائنتھ ایونیو استعمال کریں
  • فیصل ایونیو تا زیرو پوائنٹ: ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی جانب موڑا جائے گا
  • بارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے: کورنگ روڈ، بنی گالا، لہتراڑ روڈ، جی ٹی روڈ استعمال کریں
  • راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے: صدر روڈ اور نائنتھ ایونیو استعمال کریں
  • آئی جے پی روڈ سے فیصل ایونیو: نائنتھ ایونیو سگنل کے ذریعے اسٹیڈیم روڈ اختیار کریں
  • پشاور اور لاہور سے آنے والے: ٹیکسلا موٹروے اور فتح جنگ موٹروے (ترنول پھاٹک) استعمال کریں

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وفود کی نقل و حرکت کے دوران شاہراہوں کی عارضی بندشوں کے باعث سفر میں تاخیر ہوسکتی ہے، لہٰذا شہری 45 سے 60 منٹ اضافی وقت رکھ کر سفر کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفود کی آمد و رفت کے علاوہ دیگر تمام سڑکیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Islamabad Today (@isbtoday)

قبل ازیں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق ایران میں جنگ بندی اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی لانے کے لیے ایرانی اسپیکر باقر قالیباف اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی، خصوصاً امریکی صدر کی جانب سے ایرانی تہذیب کو ختم کرنے کی دھمکی کے بعد پاکستان نے سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر کی قیادت میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے مذاکراتی عمل کے لیے تیاری مکمل کرلی ہے، جبکہ امریکی وفد میں جے ڈی وینس کے علاوہ امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیریڈ کشنر کی آمد بھی متوقع ہے۔ اس پیش رفت کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی اہم سفارتی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔

Related Posts