ایران سے پابندیاں ہٹیں تو پاکستان میں گیس 40فیصد سستی ہوجائے گی۔مشاہد حسین سیّد

تازہ ترین

تازہ ترین

مشاہد حسین
(فوٹو: آن لائن)

چیئرمین پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ اور سابق وفاقی وزیر مشاہد حسین سیّد نے کہا ہے کہ اگر ایران جنگ بندی معاہدے کے نتیجے میں امریکا نے ایران سے پابندیاں ہٹا لیں تو پاکستان میں گیس  40فیصد سستی ہوجائے گی۔

حال ہی میں نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سیّد نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نزدیک جنگ بندی کے 10نکات جنگ بندی کی قابل عمل بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ باہمی اختلافات کے بیشتر نکات پر اتفاقِ رائے ہوچکا ہے۔ بھارتی میڈیا گزشتہ 10 سے15سال سے پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کررہا ہے۔

گفتگو کے دوران مشاہد حسین سیّد نے کہا کہ بھارتی میڈیا غیر سرکاری وزارتِ پراپیگنڈہ ہے اور بھارت جو لڑائی میدانِ جنگ میں ہار جائے، وہ بالی ووڈ میں جا کر جیت لی جاتی ہے۔ ایران اور امریکا کے مابین ایٹمی توانائی ایک اہم مسئلہ ہے تو ایران کہتا ہے ہم ایٹم بم نہیں بنا رہے، امریکا بھی یہی کہتا ہے، تو یہ متفقہ نکتہ ہوگیا۔

پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین نے کہا کہ ٹرمپ ایران جنگ ہارچکے ہیں۔ وہ جنگ بندی چاہتے تھے، وہ 40روز میں کچھ نہیں کرسکے۔ ایران کھڑا ہوگیا اور ثابت کیا کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا فلسفہ نہیں چلے گا۔ سیاست میں اگر آپ جنگ ہار جائیں تو آپ کے ساتھی بھی آپ کو چھوڑ دیتے ہیں۔ وہ فاتح کا ساتھ دینا چاہتے ہیں۔

مشاہد حسین سیّد نے کہا کہ یہ واضح کرنا ہوگا کہ آبنائے ہرمز کی بندش جنگ کا نتیجہ ہے، وجہ نہیں کیونکہ جنگ کی وجہ تو بلا جواز حملے ہیں جو ایران پر کیے گئے۔ ایران پر جارحیت کے ساتھ ساتھ پابندیوں کا بھی خاتمہ ہونا چاہئے۔ اگر ایران سے پابندیاں ہٹ گئیں تو پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد ہوسکے گا۔

خیال رہے کہ ایران جنگ سے قبل بھی ایران پر عائد پابندیوں کے باعث پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ مشاہد حسین سیّد نے کہا کہ ایران کی جانب سے گیس پائپ لائن پاکستان کی سرحد تک بن گئی ہے۔ ایران سے پابندیاں ہٹیں تو گیس پائپ لائن منصوبے سے عوام کو  40فیصد تک ریلیف فوری مل جائے گا۔

Related Posts