یورپ میں چاکلیٹ کی ایک انوکھی واردات نے نہ صرف صارفین کو حیران کر دیا بلکہ ایک معروف کمپنی کو بھی اپنی حکمتِ عملی بدلنے پر مجبور کر دیا جس کے بعد معمول کی ترسیل اب کسی فلمی منظر سے کم نہیں رہی جہاں ایک سادہ ڈلیوری بھی ہائی سیکیورٹی آپریشن کا روپ دھار چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیسلے کے مقبول برانڈ کٹ کیٹ نے اپنی مصنوعات کی ترسیل کے لیے غیر معمولی حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس تبدیلی کی ایک ویڈیو جو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں ایک سرخ رنگ کا ڈلیوری ٹرک دکھایا گیا ہے جسے سیاہ ایس یو ویز نے چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے جیسے کوئی قیمتی خزانہ منتقل کیا جا رہا ہو۔ ساتھ موجود پیغام میں واضح کیا گیا کہ کمپنی اس بار کسی بھی خطرے کو نظر انداز کرنے کے موڈ میں نہیں اور اپنی مصنوعات کی حفاظت کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
یہ سخت اقدامات ایک حیران کن واقعے کے بعد سامنے آئے جب گزشتہ ماہ مارچ میں تقریباً 12 ٹن کٹ کیٹ بارز سے بھرا ٹرک وسطی اٹلی سے پولینڈ جاتے ہوئے پراسرار طور پر غائب ہو گیا۔ اس بڑے پیمانے کی چوری نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا اور صارفین نے اسے سب سے دلچسپ ڈکیتی قرار دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس واقعے کے بعد کمپنی نے ایک منفرد آگاہی مہم بھی شروع کی جس میں ہلکے پھلکے طنزیہ انداز میں سیکیورٹی گارڈز کی فرضی بھرتی کا اعلان کیا گیا۔ اشتہار میں ایسے امیدواروں کی تلاش ظاہر کی گئی جو قیمتی سامان کی حفاظت کا تجربہ رکھتے ہوں، چوکنا رہ سکیں اور وقفہ لینے کے ساتھ ساتھ چاکلیٹ کو چوری ہونے سے بھی بچا سکیں۔
کٹ کیٹ چاکلیٹ بارز کی چوری کا واقعہ نہ صرف خبروں کی زینت بنا بلکہ مارکیٹنگ کی دنیا میں بھی ایک دلچسپ مثال چھوڑ گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








