مقبوضہ فلسطین میں جدوجہدِ آزادی کی سرکردہ جنگجو تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی سے خطے میں امن و استحکام آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق حماس نے پاکستان میں جاری امریکا ایران مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم اسلام آباد میں جاری مذاکرات کی کامیابی کیلئے پر امید ہیں۔ مذاکرات کی کامیابی مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں امن و استحکام کی ضامن بنے گی۔
خیال ہے کہ ایران جنگ کے باعث دنیا بھر میں معاشی بحران کے پیش نظر مشرق وسطیٰ سمیت عالمی برادری کی نظریں امریکا ایران مذاکرات کی کامیابی پر مرکوز ہیں۔ حماس کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد مذاکرات اسلامی ممالک اور عرب دنیا کے مابین اتحاد کا باعث بنیں گے۔۔
اس سے قبل ایران کیساتھ جنگ بندی مذاکرات کےلیےامریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں امریکا کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان پہنچ گیا جس کا استقبال ،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے روایتی اور پرتپاک انداز میں کیا۔
قبل ازیں رات گئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں امریکا سے مذاکرات کیلئےایران کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچا تھا، ایرانی وفد میں وزیرخارجہ عباس عراقچی اور دیگر ایرانی رہنما شامل ہیں۔ امریکا اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








